14 اگست 2015 - 13:42
افغان وزیر خارجہ کی اسلام آباد میں سرتاج عزیز سے ملاقات

افغانستان کے وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے اسلام آباد میں پاکستانی وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کی ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ افغانستان کے وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے اسلام آباد میں سرتاج عزیز سے ملاقات کی ہے اس ملاقات کے دوران پاکستان کے وزیراعظم کے قومی سلامتی اور خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان تمام چیلنجوں کا مقابلہ کرنے میں افغانستان کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے- انھوں نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کو ایک دوسرے پر اعتماد کرنا چاہیے اور دونوں دوست اور برادر ملکوں کے درمیان اختلاف ڈالنے کی سازشوں کو ناکام بنا دینا چاہیے- سرتاج عزیز نے اسی طرح افغانستان میں ہونے والے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی سخت مذمت کرتے ہوئے مشترکہ چیلنجوں کا مقابلہ کرنے اور علاقے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کابل اور اسلام آباد کے تعاون کی ضرورت پر زور دیا- انھوں نے افغان وفد کو یقین دلایا کہ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کے قیام میں کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا- افغانستان کے وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ افغانستان پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے میں دلچسپی رکھتا ہے- صلاح الدین ربانی کی قیادت میں افغان وفد نے پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا- واضح رہے کہ صلاح الدین ربانی کی سربراہی میں افغانستان کا اعلی رتبہ وفد جمعرات کو اسلام آباد پہنچا تھا-

.......

/169